روح القدس — خُداوند یسوع مسیح کا تحفہ ایمانداروں کے لیے
خُداوند یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے فرمایا کہ مَیں باپ سے درخواست کروں گا اور وہ تمہیں ایک اور مددگار دے گا جو ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے گا۔ یہ سچائی کا روح ہے جسے دُنیا قبول نہیں کر سکتی مگر تم اُسے جانتے ہو کیونکہ وہ تمہارے ساتھ رہتا ہے اور تمہارے اندر ہو گا۔ (یُوحنّا ۱۴:۱۶-۱۷)
جب پنتکست کا دن آیا تو یکایک آسمان سے آندھی کی سی آواز آئی اور آگ کی سی زبانیں شاگردوں پر نازل ہوئیں۔ وہ سب روح القدس سے بھر گئے اور مختلف زبانوں میں خُدا کی بڑائی بیان کرنے لگے۔ یہ خُداوند یسوع مسیح کے وعدے کی تکمیل تھی۔ (اعمال ۲:۱-۴)
کلامِ مُقدّس فرماتا ہے کہ ہم سب نے ایک ہی روح کے وسیلے سے ایک بدن میں بپتسمہ پایا، خواہ یہودی ہوں خواہ یونانی، خواہ غلام ہوں خواہ آزاد۔ روح القدس کا بپتسمہ تمام ایمانداروں کو مسیح خُداوند کے بدن میں متحد کرتا ہے۔ (۱ کرنتھیوں ۱۲:۱۳)
روح القدس کا پھل محبت، خوشی، اطمینان، صبر، مہربانی، نیکی، ایمانداری، حلیمی اور پرہیزگاری ہے۔ ایسے کاموں کے خلاف کوئی شریعت نہیں۔ جو مسیح یسوع کے ہیں اُنہوں نے جسم کو اُس کی خواہشوں اور بُری آرزوؤں سمیت صلیب پر چڑھا دیا ہے۔ (گلتیوں ۵:۲۲-۲۳)
روح القدس ہر ایماندار کو مختلف نعمتیں عطا کرتا ہے جیسے حکمت کا کلام، علم کا کلام، ایمان، شفا، معجزے، نبوت اور زبانیں۔ یہ سب نعمتیں ایک ہی روح کی طرف سے ہیں جو اپنی مرضی کے مطابق ہر ایک کو الگ الگ بانٹتا ہے تاکہ کلیسیا کی تعمیر ہو۔ (۱ کرنتھیوں ۱۲:۴-۱۱)
خُداوند یسوع مسیح نے فرمایا کہ جب سچائی کا روح آئے گا تو وہ تمہیں تمام سچائی کی راہ دکھائے گا۔ وہ اپنی طرف سے نہ کہے گا بلکہ جو کچھ سُنے گا وہی کہے گا اور آنے والی باتیں تمہیں بتائے گا۔ روح القدس ایمانداروں کو خُدا کے کلام کی سچائی سمجھاتا ہے۔ (یُوحنّا ۱۶:۱۳)
خُداوند یسوع مسیح نے اپنے آسمان پر اُٹھائے جانے سے پہلے فرمایا کہ جب روح القدس تم پر نازل ہو گا تو تم قوت پاؤ گے۔ تم یروشلیم، یہودیہ، سامریہ اور زمین کی انتہا تک میرے گواہ ہو گے۔ روح القدس ایمانداروں کو مسیح خُداوند کی گواہی دینے کی طاقت عطا کرتا ہے۔ (اعمال ۱:۸)
کلامِ مُقدّس فرماتا ہے کہ کیا تم نہیں جانتے کہ تمہارا بدن روح القدس کا مندر ہے جو تم میں بسا ہوا ہے اور تمہیں خُدا کی طرف سے ملا ہے؟ تم اپنے نہیں ہو کیونکہ قیمت سے خریدے گئے ہو، پس اپنے بدن سے خُدا کا جلال ظاہر کرو۔ (۱ کرنتھیوں ۶:۱۹)